عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور، اسلام آباد، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر عید کے دوسرے روز بھی صبح سے ہی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے جا رہے ہیں۔
قصابوں نے نخرے دکھانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا، جانور قربان کرنے کیلئے منہ مانگے دام وصول کرنے لگے۔
دوسری جانب کل کے مہمان آج کے میزبان بنے، عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں شہریوں کی جانب سے ناشتے کے بعد دوپہر کے مزیدار کھانے تیار کئے گئے، مٹن بریانی اور بیف پلاؤ سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
اسی طرح عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے مختلف مقامات پر سیر سپاٹوں کا پلان بھی تیار ہے۔
واضح رہے کہ عید کے پہلے اور دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد خواتین نے کچن کا ہولڈ سنبھالا، مزے مزے کے کھانے بنائے، کسی نے نہاری، کلیجی بنائی تو کہیں قورمہ اور پلاؤ پکایا گیا، جہاں گھروں میں لذیز کھانے بنتے رہے وہیں پیارے جانور قربان ہونے پر بچے افسردہ دکھائی دیئے۔
علاوہ ازیں قربانی کے بعد کہیں آلائشیں بروقت اٹھائی جا رہی ہیں تو کہیں رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آلائشیں پڑے رہنے کے باعث تعفن پیدا ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔
ادھر عید کے موقع پر تفریح گاہوں اور سیاحتی مقامات پر بھی عوام کا رش لگ گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے مری، گلیات اور شمالی علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔