آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے کوئنٹن ڈی کوک 74رنز بناکر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
اینٹیگا،نارتھ ساؤنڈ کے سر ویو رچرڈز اسٹیڈیم میں 195رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم 6 وکٹوں پر 176 رنز بناسکی، اینڈریز گوس کی ناقابل شکست 80 رنزکی اننگز بھی رائیگاں چلی گئی۔
ہرمیت سنگھ 38، اسٹیون ٹیلر 24، کورے اینڈرسن 12 اور نتیش کمار 8 رنز بناسکے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے کگیسو ربادا سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
کیشو مہاراج، اینرخ نورکیا اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل امریکا نے جنوبی افریقہ کےخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے، کوئنٹن ڈی کک 74 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کپتان ایڈن مارکرم نے 46 رنز بنائے جبکہ ہنرک کلاسن 36 اور ٹرسٹن اسٹبز 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
امریکا کے سوربھ نتراواکر اور ہرمیت سنگھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے گروپ میں آسٹریلیا، بھارت، افغانستان اور بنگلادیش شامل ہیں۔
دوسرے گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور امریکا شامل ہیں۔