سابق بھارتی فاسٹ بالر عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر ہلاک

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر ڈیوڈ جانسن رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فاسٹ بالر نے اپنے اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 52 سالہ ڈیوڈ جانسن اپنی عمارت کی بالکنی سے نیچے گر کر ہلاک ہوئے جبکہ پولیس کی جانب سے سابق کرکٹر کی خودکشی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوڈ جانسن گزشتہ ایک سال سے بیمار تھے اور انکا علاج چل رہا تھا۔ جبکہ انہیں چند دن قبل ہی اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ ڈیوڈ جیسے ہی عمارت سے گرے تو انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر تب تک وہ ہلاک ہوچکے تھے۔

واضح رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر ڈیوڈ جانسن نے پسماندگان میں اہلیہ اور 3 بچے چھوڑے ہیں۔