اسلام آباد: سی پیک پر ہونے والے پاک چین مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر نظر آئیں۔
پاک چین مشاورتی مکینزم اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، یوسف رضاگیلانی، حنا ربانی کھر، خالد مقبول صدیقی اورپی ٹی آئی رہنما رؤف حسن سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا نیاوژن ہے، منصوبے کے دوسرے مرحلے سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی۔
چینی وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا کہ ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے، سرمایہ کاری کےلیے سکیورٹی صورتحال کوبہتربنانا ہوگا،پاکستانیوں کی سی پیک کی حمایت کو سراہتے ہیں، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، ترقی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا ایک میز پر بیٹھنا دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے ایک پیج پر ہونے کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سی پیک کی بہتری کے لیے مل کر کام کرناہوگا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے لیے دوستی کو فائدہ مند بنانا چاہتے ہیں، سی پیک پر پاکستان میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔