ضلع کرم کے علاقے سدا میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی، دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی، حملے میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد تافیر ، سپاہی انوش رفون ، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کا عزم کررکھا ہے، ہمارے جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے حوالدار عقیل احمد شہید کی عمر33سال ہے، حوالدار عقیل احمد شہید نے 14سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، حوالدار عقیل احمد شہید نے سوگواران میں اہلیہ، 1بیٹی اور1بیٹا چھوڑے۔
ضلع پونچھ آزادکشمیر کے لانس نائیک محمد تافیر شہید کی عمر 30سال تھی، لانس نائیک محمد تافیر شہید نے 11 سال پاک فوج میں گزارے، لانس نائیک محمد تافیر شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
سپاہی محمد اعظم خان شہید ضلع ہری پور کے رہائشی تھے، جن کی عمر 26سال تھی، دفاع وطن کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سپاہی محمد اعظم خان شہید 7 سال پاک فوج میں رہے، سپاہی محمد اعظم خان شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی۔
ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے سپاہی انوش رفون شہید کی عمر 24 سال تھی، سپاہی انوش رفون شہید نے 5 سال تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، سپاہی انوش رفون شہید کے سوگواران میں والد شامل ہیں۔
سپاہی ہارون ولیم شہید کا تعلق ضلع اسلام آباد سے ہے، سپاہی ہارون ولیم شہید کی عمر 29سال ہے جو 7سال تک پاک فوج میں تعینات رہے، سپاہی ہارون ولیم شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی