آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آج دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں گیانا میں مد مقابل ہیں، بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔
تاہم تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے باعث ٹاس ہوا اور انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے 8 اوورز میں 2 وکٹ پر 65 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے میچ کو روک کر پچ کو کوورز سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 9 اور ریشبھ پنٹ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان روہت شرما 37 اور سوریا کمار یادیو 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
بارش کی وجہ سے ٹاس میں تاخیر کے باوجود اوورز میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل میچ میں بارش کی پیشگوئی کے باوجود ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا البتہ 250 منٹ کا اضافی وقت مختص کیا گیا ہے۔۔
لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہونے کی صورت میں بھارت سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں اپنی پہلی پوزیشن کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے 9 وکٹوں سے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیکر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔