یکم جولائی سے بجلی کی قیمت میں اضافہ، کنزیومرز ایوریج 35 روپے یونٹ دے رہے، 400 ارب روپے بجلی کی مد میں سبسڈی دی جا رہی ہے : اویس لغاری

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، کنزیومرز ایوریج 35 روپے فی یونٹ دے رہے ہیں۔

وزیرتوانائی اویس لغاری نے سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ایسے پلانٹ ہیں جو کے الیکٹرک کی ملکیت ہیں، لائن لاسز والےعلاقوں میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، آئیسکو ریجن میں زیادہ مسائل نہیں، امید ہے آہستہ آہستہ مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

وزیر توانائی نے لوڈشیڈنگ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ نیشنل گرڈ کا کسی صوبہ سے کوئی تعلق نہیں، نقصانات کی حد رکھنے کے لئے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، لوڈشیڈنگ کسی صوبہ کو دیکھ کر نہیں کی جارہی، بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ریکوری بہت اچھی ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ بلوچستان کو 10 ہزار میگاواٹ سپلائی دینے کو تیار ہیں، بجلی کے لائن لاسز پر قابو پاکر نقصان کو کم کیا جاسکتا ہے، بل جون سے نہیں جولائی سے بڑھیں گے، بلوچستان میں بجلی کے 600 ارب روپے کے سالانہ نقصانات ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے 450 ارب روپے کا نقصان برداشت کیا، ایک کروڑ 68 لاکھ کنزیومرز کا خیال کر رہے ہیں، انڈسٹری سے 150 ارب روپے کا بوجھ کم کیا، اس بات کا اعتراف کرتے ہیں بجلی کی قیمتیں زیادہ ہے، اگلے ڈیڑھ سال کے اندرپاور سیکٹر میں اصلاحات کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

اویس لغاری نے مزید کہا کہ میڈیا میں خبریں چل رہی ہیں کہ کابینہ نے بجلی کے نرخ میں اضافہ کر دیا، بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم نے 150 ارب روپے کا بوجھ عوام سے کم کیا، حکومت نے 400 ارب روپے بجلی کی مد میں سبسڈی دی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ گھریلو صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف 1000 فیصد سولرائزیشن پر فنڈ کرنے کو تیار ہیں، بلوچستان حکومت کا اس حوالے سے معاہدہ درکار ہے، زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی دینے سے سالانہ 80 ارب روپے کا نقصان ہے، زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے فائدہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی سولرائزیشن کے بہت قریب ہیں، وزیر اعظم نے واپسی پر سولرائزیشن پر بریفنگ رکھی ہے۔