حکومت کا پیٹرول پمپس پر اضافی ٹیکس ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز پر عائد ایڈوانس ٹیکس واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پمپس پر 0.5 فیصد اضافی ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیا گیا۔ حکومت نے بجٹ میں پیٹرول پمپس پر فی لیٹر 0.5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لگایا تھا جبکہ پیٹرول پمپس اپنے مارجن پر پہلے ہی 12.5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ادا کر رہے تھے۔

گزشتہ روز پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اضافی ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی تھی اور آج صبح 6 بجے سے شام تک پمپس بند رہے جس کی وجہ سے شہریوں سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ہڑتال کے اعلان کے بعد پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔

آج شام پیٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال ختم کرنے اور پمپس کھولنے کا اعلان کیا۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز میں کوئی گروہ بندی نہیں، اس ٹیکس کے نفاذ سے 10 لاکھ روپے ایک پمپ سے ٹیکس لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ ہمارا مسئلہ حل کر دیں گے لیکن ابھی مسائل ختم نہیں ہوئے ہیں۔

عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو ہم دوبارہ ہڑتال کریں گے لیکن ابھی پورے ملک میں پمپس کھولنے کا اعلان کر رہے ہیں۔