لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں بھر پور شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت نے اپنے بیان میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے استحکام پاکستان آپریشن ناگزیر ہے، پاکستان مسلم لیگ استحکام پاکستان آپریشن کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے پاکستان اور افغانستان کو روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور ق لیگ کے رہنما چوہدری شافع حسین نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس سے ملکر نمٹنا ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ اجتماعی کاوشوں سے جیتی جاسکتی ہے اور پاکستان مسلم لیگ قیام امن کی کاوشوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔