حکومت نے بجلی صارفین کے بنیادی ٹیرف پر ماہانہ 200 سے ایک ہزار روپے تک فکس چارجز عائد کر دیئے، نیپرا نے باقاعدہ طور پر منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا کی جانب سے بجلی صارفین پر فکس چارجز عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد صارفین کے بنیادی ٹیرف میں ماہانہ 200 سے ایک ہزار روپے فکس چارجز شامل کیے جائیں گے، صارفین ماہانہ یونٹس کی کھپت کے لحاظ سے فکس چارجز ادا کریں گے، کمرشل صارفین پر مقررہ چارجز میں 300 فیصد اور صنعتی استعمال پر 355 فیصد تک کا اضافہ ہو گا۔
تین سو ایک سے 400 یونٹ تک استعمال پر گھریلو صارفین یکم جولائی سے 200 روپے فکس چارجز ادا کریں گے، 401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 400 روپے دینا ہوں گے، اسی طرح 501 سے 600 یونٹ تک استعمال کرنے والے 600، 601 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والے 800 اور 700 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ماہانہ 1 ہزار روپے فکس چارجز ادا کرنا ہوں گے۔
ٹائم آف یوز میٹر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے، 5 کلو واٹ سے کم لوڈ والے کمرشل صارفین کو ماہانہ 1000 روپے دینا ہوں گے، 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ والے بجلی کے کمرشل صارفین 2000 روپے ادا کریں گے۔
ٹی او یو میٹرنگ کے تحت 25 کلو واٹ تک استعمال کرنے والے صنعتی صارفین 1000 روپے ادا کریں گے، بی ٹو کیٹیگری کے 500 کلو واٹ تک کے صارفین 2000 روپے ادا کریں گے، 5 ہزار کلو واٹ استعمال کرنے والے بی 3 کیٹیگری کے صنعتی صارفین 2000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے، بی 4 کیٹیگری کے صارفین بھی مقررہ چارجز 2000 روپے ماہانہ ادا کریں گے۔