چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان مستعفی ہوں، عمر ایوب کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں عمر ایوب نے کہا کہ آئین کی غلط تشریح کرنے والے پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کی تشریح ذاتی مفادات کی بنیاد پر غلط طریقے سے کی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھین لیا، الیکشن کمشنر  پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ  آج پاکستان میں جمہوری قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پارٹی نے 2022، 2023 اور 2024 میں انٹرا پارٹی انتخابات کروائے، ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن نے بدنیتی کی بیناد پر کالعدم قرار دیے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہم پیر اور منگل کو الیکشن کمیشن میں دستاویزات جمع کرادیں گے۔