فیصل واوڈا کی پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کی پیش گوئی

سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ آج کے فیصلے کے 15 دن بعد پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بنے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگی، فیصلے سے پی ٹی آئی کی مشکلات بڑھیں گی اور بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے۔

سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دے دیا۔

13 رکنی فل کورٹ بینچ کے 5-8 کی اکثریت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت تھی اور ہے، پی ٹی آئی خواتین اور اقلیتی نشستوں کی حقدار ہے، انتخابی نشان نہ ملنے سے کسی سیاسی جماعت کا انتخابات میں حصہ لینے کا حق ختم نہیں ہوتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی 15 دن میں مخصوص نشستوں کے لیے اپنی فہرست جمع کرائے، 80 میں سے 39 ایم این ایز پی ٹی آئی سے وابستگی ظاہر کر چکے ہیں، باقی اکتالیس ارکان پندرہ دن میں پارٹی وابستگی کا حلف نامہ دیں۔