لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف لاہور نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کیلئے درخواست جمع کرادی۔
سینیئر نائب صدر تحریک انصاف اکمل خان باری نے ڈپٹی کمشنر کو جلسے کی اجازت کیلئے باضابطہ درخواست جمع کرادی جس میں کہا گیا کہ مینار پاکستان جلسے میں قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں گے، تحریک انصاف کو چودہ اگست والے دن جلسے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو جلسوں کی اجازت نہیں دی جارہی۔
تحریک انصاف نے 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا تھا لیکن انتظامیہ نے اچانک اس کا اجازت نامہ منسوخ کردیا۔ پی ٹی آئی نے جلسے کا این او سی معطل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تو وہاں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ پی ٹی آئی چہلم کے بعد اسلام آباد میں جلسہ کرسکتی ہے۔