پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ نہیں ہوا، اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، نائب وزیراعظم

لاہور: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ نہیں ہوا، اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے داتا دربار مزار کے غسل کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت مہنگائی نہیں لائی ، نوازشریف کو نکال کر ملک کی بری حالت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چھ سے سات ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ کرکے چلی گئی، 2018ء میں کروڑوں روپے لگاکر الیکشن چوری کرکے ایک شخص کو اقتدار پر بٹھایا گیا، پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت 24 سے 47 ویں نمبر تک پہنچ گئی، ن لیگ کو حکومت کا شوق نہیں تھا اگر اقتدار میں نہ آتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، شہبازشریف اور اس کی ٹیم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

اسحاق ڈار نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کے خلاف ای سی پی کے پاس فارن فنڈنگ ثبوت ہیں یہ حقیقت ہے کوئی جھٹلا نہیں سکتا، الیکشن کمیشن نے اعلان کیا پی ٹی آئی فارن فنڈنگ جماعت ہے، نو مئی کا واقعہ قابل مذمت ہے، اس میں جو ملوث ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق کہا کہ ابھی فیصلہ نہیں ہوا، تحریک انصاف پر پابندی کے معاملے پر اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، ن لیگ کی قیادت اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کیاجائےگا، قانون و آئین کے تحت فیصلہ ہوگا، قانون و آئین کے خلاف کوئی سیاسی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔