لاہور: پاکستان نے آئی سی سی کی مشاورت سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔
آئی سی سی چیف فنانس آفیسر انکر کھنہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ایف او جاوید مرتضی نے یہ بجٹ تیارکیاہے۔
سری لنکا کے شہر کولمبو میں انیس جولائی سے آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز شروع ہورہی ہیں، جس میں پی سی بی سربراہ محسن نقوی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے اٹھارہ جولائی کو روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق کولمبو میں ہونےوالے اجلاس میں بائیس جولائی کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔آئی سی سی اور پی سی بی کی مشاورت سے تیار کردہ یہ بجٹ بائیس جولائی کو منظوری کے لیےپیش کیا جائے گا۔
اس روز صرف بجٹ کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے۔ہائی برڈ ماڈل سمیت کوئی دوسرا فارمولہ ایجنڈے میں نہیں رکھا گیا۔ اس کے ساتھ کوئی اضافی بجٹ یا ہنگامی بجٹ پر بھی بات نہیں ہوگی۔
پاکستان کوانیس فروری سے نو مارچ تک آئی سی سی چیمپئَنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے جس کے لیے پچز اور گراونڈ آئی سی سی کے کیورٹر اینڈی ایٹکسن کی ہدایات کےمطابق تیار کیے جارہے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کے وفد کی اکتوبر میں پاکستان آمد متوقع ہے۔ اب تک تین مختلف وفود چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات دیکھنے کے لیے پاکستان آچکےہیں۔