اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علماء اسلام ف (جے یو آئی) کمیٹیوں کی سطح پر باضابطہ طور پر مذاکرات پر آمادہ ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے گزشتہ رات سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں مولانا عبدالغفور حیدری بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، معاشی، آئینی اور پارلیمانی امور پر بات چیت کی گئی۔
اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کو مذاکراتی کمیٹی کے ناموں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف نے کمیٹی بنا دی ہے۔
جعمیت علماء اسلام کی قیادت نے بھی جلد مذاکراتی کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ جے یو آئی مذاکراتی کمیٹی کے ناموں کے بارے میں جلد پی ٹی آئی قیادت کو آگاہ کرے گی۔