اسلام آباد: حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو بجلی کا نیا جھٹکا دینے کی تیاری کرلی ہے۔ بجلی کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
سرکاری ڈسکوز کے صارفین کے لیے پہلے ہی مہنگی بجلی کو مزید مہنگا کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ایک ماہ کے لیے فی یونٹ کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائر کر دی ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں طلب کیا گیا ہے۔
ایف سی اے کی اس درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 31 جولائی کو سماعت کرے گی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔