پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

اسلام آباد : پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی، جس کے سبب پاسپورٹس کے اجراء میں مزید تاخیر کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاسپورٹس اینڈ امیگریشن آفس میں لیمینیشن پیپر اور پرنٹنگ مشینوں کی کمی کے باعث شہری پہلے ہی پریشان ہے،اب سیاہی ختم ہونے سے پاسپورٹس کے اجرا کے بحران میں مزید شدت آسکتی ہے.

ذرائع نے کہا کہ لیمینیشن پیپر کے معاملے پر پاسپورٹ کی پرنٹنگ میں پہلے ہی تاخیر کا شکار تھی اور اب اگر محکمہ کے اعلیٰ افسران سیاہی کی کمی کو پورا نہیں کرتے ہیں تو شہریوں کو پاسپورٹس کے اجراء میں مزید تاخیر کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ اعلیٰ حکام ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کی حیثیت کو اتھارٹی میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس لئے یہ مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

گذشتہ ہفتے حکومت نے پاسپورٹس بنوانے میں پیش آنے مشکلات کو ختم کرنے کے لیے پاسپورٹس پرنٹ کرنیوالی نئی مزید مشینیں منگوانے کا فیصلہ کیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ نئی مشینوں میں 6 ڈیسک ٹاپ ،2 ای پاسپورٹس مشینیں منگوائی جائیں گی، نئی مشینیں 1گھنٹے میں ایک ہزار پاسپورٹس پرنٹ کی صلاحیت رکھتی ہیں۔