سعودی پبلک پراسیکیوشن نے تین غیر ملکیوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کر دیا ہے اور ان کے جرم کو انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن نے ان تین غیرملکیوں کے لیے سخت سزاؤں کا مطالبہ کر دیا ہے جنہوں نے 55 ٹن ایکسپائرڈ چکن کو ذخیرہ کیا اور پھر ان کی پیکنگ اور تاریخیں تبدیل کر کے انہیں فروخت کرنے کی کوشش کی۔
اس حوالے سے سعودی پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ مرغیوں کا 55 ٹن سے زیادہ غیر معیاری گوشت جنہیں نامعلوم جگہ سے منگوایا گیا تھا اور اس کی میعاد بھی ختم ہو چکی تھی لیکن اس کے باوجود مذکورہ افراد نے ان کی پیکنگ اور تاریخیں تبدیل کرکے انہیں مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کر دیا تھا۔
پبلک پراسیکیوشن نے اسے انسانی صحت کو سنگین نقصان پہنچانے کی مجرمانہ کارروائی کرتے ہوئے مجرمان کے لیے سخت سزائیں دینے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔