سڈنی: آسٹریلیا سے جاپان جانے والی جانے والی پرواز کے مسافروں کو جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اُس وقت شدید پریشانی اور الجھن کا سامنا کرنا پڑا جب سیٹس پر لگیں اسکرین پر فحش ویڈیو چل گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پرواز کے مسافروں کے لیے ڈکوٹا جانسن اور شان پین کی ایک دلچسپ ڈرامائی فلم ’’ DADIO ‘‘ کا انتخاب کیا گیا تھا لیکن یہ انتخاب مسافروں اور خود ایئر لائن کے لیے حیران کن تھا۔
اس فلم میں جنسی اعضاء کے مختصر لیکن واضح شاٹ، فحش مواد کے ساتھ مکالمے اور ٹیکسٹ میسجز بھی شامل تھے۔
مسافر سیٹس پر لگی اسکرینز پر فحش مناظر سے پریشان ہوگئے جب کہ فلم کو روکنے، بند کرنے یا دوسری فلم کے انتخاب کے تمام آپشن غیرفعال ہوگئے تھے۔
اس طرح ناپسندیدہ فلم کے جنسی مناظر ایک گھنٹے تک اسکرین پر چلتے رہے۔
ایئرلائن کے عملے نے کافی کوششوں کے بعد اس فلم کو ہٹا کر بچوں کے لیے معروف تفریحی فلم لگادی لیکن مسافروں کو ایک گھنٹے تک کوفت اور پریشانی کا سامنا رہا۔
جس پر آسٹریلوی کمپنی “کوانٹاس” نے مسافروں سے معافی مانگ لی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلم پوری پرواز کے لیے دیکھنے کے لیے موزوں نہیں تھی اور ہم اس تجربے کے لیے صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔