پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج کی منظوری اگست کے وسط میں متوقع

پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگست کے وسط میں متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کےلیے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج کی منظوری آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ  کا اجلاس اگست کے وسط میں بلائے جانے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کے 4 سے 6 ہفتوں بعد حتمی منظوری دے گا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو طے پایا تھا، بورڈ اجلاس سے پہلے پاکستان کو ایکسٹرنل فنانسنگ کی یقین دہانی حاصل کرنا ہوگی۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کیلئے جلد نئے پروگرام پر بات چیت کا عندیہ بھی دے دیا۔ ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کیلئے فنڈنگ پر جلد بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے طویل مدتی ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کرنا ہوگی، آئی ایم ایف کا آر ایس ایف پروگرام سستی اور طویل مدتی فنانسنگ فراہم کرتا ہے، اس مقصد کیلئے دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

قبل ازیں ایک انٹرویو میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ کہ اگست کے آخر  میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات جاری ہیں، بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری میں رکاوٹ نہیں ہوں گے۔