بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے کئی اہم کھلاڑیوں کا قومی ٹیم میں جگہ بنانا مشکل

بنگلا دیش کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہوگی۔

طویل دورانیے کی کرکٹ کے لیے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اس وقت پاکستان شاہینز کے ساتھ اپنے آبائی ملک آسٹریلیا میں موجود ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسن گلیسپی کی پاکستان واپسی کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ کو فائنل کیا جائے گا۔

جیسن گلیسپی بنگلا دیش اے کے خلاف دوسرے 4 روزہ میچ کے بعد پاکستان آ جائیں گے، ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ٹریننگ کیمپ اگست کے دوسرے ہفتے میں لگایا جائے گا جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔

پاکستان نے آخری ٹیسٹ جنوری میں آسٹریلیا میں کھیلا تھا، اس ٹیسٹ اسکواڈ میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی کھلاڑی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے جبکہ محمد ہریرہ اور صاحبزادہ فرحان کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق فہیم اشرف، وسیم جونئیر، صائم ایوب اور نعمان علی کا قومی اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل ہے جبکہ امام الحق کے نام پر بحث ہو گی اور عامر جمال اور حسن علی کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق فیصلہ ہو گا۔