اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ثاقب ہو نثار ہو یا جو بھی ہو، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے بڑھیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں 14 روپے یونٹ کمی کی ہے، پنجاب حکومت کے اقدام سے صارفین کو گرمی کے مہینوں میں سہولت ہو گی، نواز شریف نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کیلئے ریلیف کا قدم اٹھایا ہے، پنجاب حکومت کے اس اقدام سے صارفین کو گرمی کے مہینوں میں سہولت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا پنجاب میں بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف کا بڑا پیکج دیا گیا ہے، نوازشریف نے ٹھیک فرمایا کہ مہنگائی اس دور میں ہوئی جب بزدار گوگی سیٹ اپ تھا، 14اگست پر وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت کم کرکے عوام کو تحفہ دیا، 200 یونٹ والے صارفین کو وزیراعظم پہلے ہی 50 ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں، آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہو گی اور حالات مزید بہتر ہوں گے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو بھی قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا جنرل فیض کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے چلے، فوج نے شفاف تحقیقات کیں، اندرونی تحقیقات کا فوج کا اپنا میکنزم ہے، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تقسیم، نفرت اور انتشار کی سیاست کی، تمام سازشوں کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی تھے، بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری فیض حمید اور باقی افسران کر رہے تھے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا لطیف کھوسہ کو جھوٹ اور بہتان والی باتیں زیب نہیں دیتیں، لطیف کھوسہ نے سرینا عیسیٰ کے بارے میں جو کہا وہ انہیں زیب نہیں دیتا، پی ٹی آئی حکومت میں چیف جسٹس کی اہلیہ کوکٹہرے میں کھڑا کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے جو مہم شروع کی ہے بتا دوں یہ کامیاب نہیں ہو گی۔
عطا تارڑ نے پوچھا کہ ملک میں دہشت گردوں کو واپس کون لایا تھا؟ یہ بھی گٹھ جوڑ تھا، بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں انتشار پھیلایا گیا جس کا یہ سب حصہ تھے، شواہد سامنے آرہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا، جیل سے پیغام رسانی جاری تھی، جو انتشار پھیلائے گا اس کا انجام یہی ہوگا، باقی اداروں کو بھی خود احتسابی کرنی چاہیے، ثاقب ہو نثار ہو یا جو بھی ہو معاملات آگے بڑھیں گے۔