ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہیں۔
بھارتی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے چار میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے ۔
ایشین ہاکی چیمپئن شپ میں بھارتی ٹیم نے 4 میچز میں 19 گول کئے اور اسکے خلاف مخالف ٹیمیں 4 میچوں میں صرف 3 گول کر پائیں۔
دوسری جانب ایونٹ میں پاکستان ٹیم بھی اب تک کوئی میچ نہیں ہاری چار میچز میں دو ڈرا کھیلے دو میں کامیابی سمیٹی چار میچز میں 11 گول کئے اور پاکستان کیخلاف مخالفین نے 5 گول کیے۔
ہاکی کی عالمی رینکنگ میں بھارت کی ٹیم پانچویں جبکہ پاکستان 16 ویں نمبر پر ہے، بھارت 4 مرتبہ اور پاکستان 3 مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر پونے ایک بجے شروع ہوگا، اس قبل ملائیشیا-کوریا اور جاپان-چین کے مدمقابل ہوگا۔
ایونٹ کے راؤنڈ میچز آج مکمل ہوجائیں گے اور دیگر دو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔
ایشین ہاکی چیمپئن شپ میں سیمی فائنلز 17 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔