عید میلادالنبیؐ کل مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ کل بمطابق 12 ربیع الاول ( منگل ) کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی ؐکے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائیگا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے ، لنگر تقسیم اور کیک کاٹے جائیں گے ، ملک بھر میں گلی محلوں اور بازاروں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔

جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے ، لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے ، جشن عید میلاد النبی ؐکی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔

پولیس کی طرف سے جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔