جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں نکالنے جانے والے جلوسوں کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع ملک بھر میں مساجد، اہم عمارتوں اور گلیوں بازاروں میں چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ اہم مقامات کو بھی سجایا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

شہر شہر درود و سلام کی محافل منعقد ہوں گی اور عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے۔

گزشتہ روز پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں میلاد کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 55 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پنجاب بھر میں 2ہزار 467 میلاد کی محافل اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں ایک ہزار 581 محافل ہوں گی جن کی حفاظت کے لیے پولیس کے علاوہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار جلوس کے شرکا کی چیکنگ بالخصوص حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر میں ڈویژنل سطح پر قائم کنٹرول رومز کے ذریعے میلاد کے جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف شفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور ناپاک ارادوں کے حامل کسی بھی مشتبہ شخص پر نظر رکھیں گے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں 2ہزار سے زائد پولیس اہلکار مرکزی جلوس کے ساتھ ساتھ دارالحکومت میں نکلنے والے دیگر جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

اسلام آباد پولیس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ جلوس کے آغاز کے مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے اور شرکا کو مکمل تلاشی کے بعد ہی اندر جانے کی اجازت ہو گی۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) اسلام آباد سید علی رضا نے کہا ہے کہ جلوس کی حفاظت کے لیے چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے، جلوس کے راستے کی متعدد سڑکوں کو سیل کر دیا جائے گا اور متعلقہ تھانوں کی پولیس علاقے میں گشت اور سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔

ڈی آئی جی سید علی رضا نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کے انتظامات کے لیے 5ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور 454 ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

حفاظتی انتظامات 108 جلوسوں کا احاطہ کریں گے جن میں مرکزی جلوس کے لیے 2ہزار 400 افسران اور 2 ہزار 600 سے زائد افسران بقیہ 107 جلوسوں کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔

اس کے علاوہ شہر میں نکالے جانے والے دو مرکزی جلوسوں کے حوالے سے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

کراچی کے ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ کراچی میں دو مرکزی جلوس نکالے جائیں گے، پہلا ٹاور سے آرام باغ تک اور دوسرا بولٹن مارکیٹ میں واقع نیو میمن مسجد سے نشتر پارک تک نکالا جائے گا جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کراچی میں کل 4ہزار 716 اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں 15 سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 27 ڈپٹی ایس ایس پیز، 648 این جی اوز اور 3ہزار 735 کانسٹیبل، 51 خواتین اہلکار، 31 پولیس موبائلیں اور 40 موٹر سائیکل پولیس اہلکار شامل ہیں۔

سید اسد رضا نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں، سیلولر فون سروسز کی معطلی کے حوالے سے کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا لیکن گزشتہ چند سالوں سے اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام سے ملاقات کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جلوس کے دوران لائسنس یافتہ اسلحے سمیت اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ موٹرسائیکل، اونٹ، گھوڑے، کھلے ٹرک، بسوں وغیرہ کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں میں خواتین اور بچوں کی شرکت پر بھی پابندی ہو گی۔

اسی طرح میرپورخاص پولیس نے بھی میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں 12 ربیع الاول کے جلوس کی تیاریوں کے سلسلے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔

اس موقع پر مجموعی طور پر تین سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 12 گزیٹیڈ افسران، 65 انسپکٹرز، 74 سب انسپکٹرز، 228 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 358 ہیڈ کانسٹیبلز اور 1ہزار 936 کانسٹیبل اہلکاروں کو سیکیورٹی کے فرائض سونپے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 150 پولیس کمانڈوز ضلعی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اسٹینڈ بائی پر رہیں گے۔

پریس ریلیز کے مطابق ڈی آئی جی جاوید جسکانی نے کہا کہ جشن عید میلادالنبیﷺ سے متعلق جلوسوں اور ریلیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔