چین نے پاکستان کو انسداد دہشت گردی میں تعاون، اس کیلیے ایک مشترکہ سیکیورٹی کمپنی کے قائم کرنے کی تجویز دے دی۔
ذرائع نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ چین نے سی پیک فیز ون کے دو درجن کے لگ بھگ باقی ماندہ منصوبے فیز ٹو میں شامل کرنے تجویز بھی دی ہے، جن میں ریلوے، شاہراہیں، ایل این جی ٹرمینلز کی تعمیر، تانبے کی کانیں، پن بجلی اور اسپیشل اکنامک زون شامل ہیں۔
چین کے سکیورٹی خدشات کے سدباب کیلیے انسداد دہشت گردی میں تعاون کے ایک معاہدہ پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چین نے اپنے شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلیے مشترکہ کمپنی قائم کرنے کی تجویز دی ہے جوکہ بکتر بند گاڑیوں سے لیس ہو گی۔ فیز ٹو کے منصوبوں پر بلارکاوٹ عملدرآمد یقینی بنانے کیلیے بیجنگ نے دوطرفہ تعاون کے میکانزم کی تجویز بھی دی ہے، جس کا نام سی پیک جوائنٹ کمیشن ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک پاکستانی وفد گلوبل ٹرانسپورٹ فورم میں شرکت کیلئے آئندہ ہفتے بیجنگ روانہ ہو گا، اس موقع پر فیز ون کے تحت ریلوے ڈبل ٹریک کیلئے سات ارب ڈالر کے ایم ایل ون منصوبے پر دوبارہ کام میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر بھی بات ہو گی۔