سینیئر اداکارہ نادیہ افگن نے مداحوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے ارد گرد ذہنی مسائل اور ڈپریشن کے شکار افراد پر نظر رکھیں، ان کی بات سنیں اور ان کی مدد کریں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو پیغام جاری کیا اور بتایا کہ ستمبر خودکشی سے بچائو کی تدابیر کا عالمی مہینہ ہے، اس لیے اس مہینے خصوصی طور پر اپنے ارد گرد ڈپریشن، اضطراب اور ذہنی مسائل کے شکار افراد پر نظر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سماج میں بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو کئی مسائل سے گزر رہے ہیں، انہیں اپنی ذہنی صحت سے متعلق بھی کچھ علم نہیں، ایسے افراد پر نظر رکھنے اور ان کی بات سننے کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق ذہنی مسائل کے شکار افراد کی باتوں پر برا منانے کے بجائے ان کی باتوں کو آرام سے سنیں اور پھر ان کی تشنگی اور ذہنی حالت کو دیکھتے ہوئے ان کی مدد کریں۔
نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ ذہنی مسائل کے شکار افراد، دوستوں اور اہل خانہ کو دیکھ کر ان سے بات کریں، انہیں یقین دلائیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں، آپ کا ایک لفظ بھی انہیں ہمت دے سکتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق ذہنی صحت ہر کسی کا مسئلہ ہے اور ہم میں سے ہر کسی کی ذہنی صحت بلواسطہ یا بلاواسطہ متاثر ہو رہی ہے، اس لیے ایسے مسائل کو سمجھنے اور ایک دوسرے کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذہنی مسائل کے شکار افراد کو ایسی محفوظ جگہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے، جہاں وہ اپنے خوف سے بالاتر ہوکر اپنے جذبات کا اظہار کر سکیں اور اپنے مسائل بیان کر سکیں۔