ایم ڈی کیٹ کا امتحان اتوار کو 30 شہروں اور دو عالمی مراکز میں منعقد ہوگا

اسلام آباد: ایم ڈی کیٹ کا امتحان 22 ستمبر کو 30 شہروں اور 2 بین الاقوامی مراکز میں منعقد ہوگا، پی ایم ڈی سی نے امتحانات میں شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

 اس حوالے سے صدر پی ایم ڈی سی نے بتایا ہے کہ ایم ڈی کیٹ امتحان 22 ستمبر کو 30 شہروں اور 2 بین الاقوامی مراکز میں منعقد ہوگا، امتحانی عمل کے دوران دفعہ 144 نافذ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، امیدوار غیر اخلاقی رویے سے گریز کریں، چیٹنگ پر سخت سزا دی جائے گی، شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی ٹیمیں اور مانیٹرنگ کا خصوصی نظام متعین کیا گیا ہے۔

صدر پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان کے دوران بدعنوانی اور چیٹنگ کرنے پر فوری اور سخت کارروائی ہوگی، ایم ڈی کیٹ 2024 کے لیے 167,744 طلبہ کا اندراج کیا گیا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی نے 33 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) نے 26 امتحانی مراکز کا انتظام کیا ہے، خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) نے 13 امتحانی مراکز اور ڈاؤ یونیورسٹی نے 6 مراکز قائم کیے ہیں۔

صدر کے مطابق پنجاب میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے 58,380 طلبہ رجسٹرڈ ہیں، سندھ میں 38,678 طلبہ، کے پی کے میں 42,329 طلبہ، بلوچستان میں 5,806، اسلام آباد میں 18,408، آزاد کشمیر میں 3,145، گلگت بلتستان میں 739 طلبہ نے ایم ڈی کیٹ کے لیے اندراج کرایا اسی طرح ایم ڈی کیٹ امتحان میں 259 بین الاقوامی طلبہ بھی حصہ لیں گے۔