عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر نے کہا ہےکہ گزشتہ سال پاکستان میں معاشی استحکام کی خوش آئند واپسی ہوئی اور ترقی دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔
انگریزی اخبار میں لکھے گئے مضمون میں ناتھن پورٹر نے کہا کہ افراط زر میں ڈرامائی کمی آئی ہے، زرمبادلہ کی شرح مستحکم ہورہی ہے اور غیر ملکی ذخائر دگنا سے زائد ہوگئے ہیں۔
آئی ایم ایف مشن نے لکھا ہےکہ 2023 کے وسط میں پاکستان کو درپیش انتہائی بیرونی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اس تبدیلی کی رفتار قابل ذکر ہے، گزشتہ سال پاکستان میں معاشی استحکام کی خوش آئند واپسی ہوئی اور ترقی دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔
ناتھن پورٹر نے مزید لکھا کہ پائیدار اور مضبوط ترقی کی جانب پیش قدمی اب بھی پاکستان کیلئے چیلنج ہے کیونکہ ماضی میں اس جانب بڑھائے گئے ہر قدم نے پاکستان کو پہلے سے زیادہ کمزور اور مقروض کیا ہے۔