بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر رواں ماہ اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔
جمعہ کو بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ وزیرِ خارجہ جے شنکر اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔
بھارتی وزیرِ خارجہ کی پاکستان آمد صرف ایس سی او اجلاس میں شرکت تک ہی محدود ہوگی اور اس میں پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے کوئی اور سوچ نہیں ہونی چاہئے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس کی سائیڈلائن پر دو طرفہ ملاقاتوں کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
ایس سی او سربراہی اجلاس15اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں بھارت کے علاوہ ایس سی او کے رُکن ممالک کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک عشرے میں بھارت کی کسی اعلیٰ شخصیت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔
اس سے قبل سن 2015 میں اُس وقت کی بھارتی وزیرِ خارجہ شسما سوراج افغانستان سے متعلق ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئی تھیں۔