ڈرامہ سیریل 'خئی' کی اداکارہ لندن میں لُٹ گئیں

برطانیہ: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ‘خئی’ کی اداکارہ عظمیٰ حسن کو لندن میں لُوٹ لیا گیا۔

عظمیٰ حسن نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں خصوصی نوٹ جاری کیا جس میں اُنہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والا افسوسناک واقعہ سُنایا۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ گزشتہ شب مجھے لندن میں لوٹ لیا گیا، اس واردات میں میرا والٹ، پیسے، شناختی دستاویزات، کارڈز اور لاکر کی چابی بھی چلی گئی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ چور نہ صرف میرا قیمتی سامان لیکر گئے بلکہ وہ میری مرحومہ والدہ کا شناختی کارڈ اور اُن کی تصویر بھی لے گئے۔

عظمیٰ حسن نے اپنی انسٹاگرام میں یہ تفصیلات نہیں دیں کہ اُن کے ساتھ چوری کی واردات کیسے پیش آئی اور اُنہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی یا نہیں۔

6

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 28 ستمبر کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہم ٹی وی ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں شرکت کے لیے پاکستانی شوبز ستاروں کی بڑی تعداد لندن پہنچی تھی۔

اس ایوارڈ شو میں عظمیٰ حسن کو ڈرامہ سیریل ‘عشق لا’ میں بہترین اداکاری پر ‘بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر فی میل’ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔