اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

  اسلام آباد: انسداد دِہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے اعظم سواتی کا تین دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو تھانہ کوہسار میں درج دہشتگردی کے مقدمہ میں انسداد دہشتگردی عدالت پیش کیا گیا، جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت ایس ایچ او تھانہ کوہسار شفقت فیض نے پی ٹی آئی رہنما کے 30 کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فون ریکوری اور مالی معاونت کی انفارمیشن کے حوالے سے جسمانی ریمانڈ چاہئے۔ 

اعظم سواتی نے جج سے مکالمے میں کہا کہ کیا آپ میرا انتظار کررہے تھے؟ جس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا سواتی صاحب میں صرف آپ کے لیے نہیں بیٹھا 200 کے قریب لوگ تھے جن کو پیش کیا گیا۔

اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ اعظم سواتی کو 5 اکتوبر رات گیارہ بجے تھانہ سنگجانی کی حدود سے گرفتار کیا گیا، دو روز بعد آج عدالت کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔ 

عدالت نے اعظم سواتی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔