اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس نمبرز پورے ہیں تاہم تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کا تفصیلی اجلاس ہوا۔ پیپلز پارٹی کا مسودہ ہم نے کمیٹی میں پیش کیا۔ حکومت نے بھی وکلاء تنظیموں کے ساتھ ہونے والی مشاورت اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ آئینی عدالت اور ججوں کے تقرر کے طریقہ کار کے حوالے سے وکلاء تنظیموں کا موقف پیش کیا گیا جبکہ حکومت نے بھی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
چئیرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا اپوزیشن جماعتوں نے بھی آئینی ترمیم پر تبصرہ کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر متفقہ مسودہ تیار کرنے کا عزم دہرایا۔ امید ہے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بامعنی گفتگو ہو گی۔ حکومت بھی پر عزم ہے۔ وزیر قانون نے واضح کیا کہ دو تہائی اکثریت کے لیے نمبر پورے ہیں تاہم حکومت نمبر پورے ہونے کے باوجود تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت اپنا زور لگانے کے بجائے اتفاق رائے چاہتی ہے۔ پوری کوشش ہو گی کہ تمام جماعتوں سے مشاورت کر کے متفقہ مسودہ لا سکوں۔ اگر اتفاق رائے نہ ہوا تو حکومت کا یہ موقف کہ وقت ضائع نہ کیا جائے درست ہو گا۔