کچے کے علاقے پنجاب پولیس کی کارروائیاں، اب تک 63 خطرناک ڈاکو ہلاک

 لاہور: پنجاب پولیس نے رحیم یارخان کے کچے کے علاقے میں انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائیاں کرکے اب تک 63 خطرناک ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا جبکہ 45 زخمی ہوئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچے کے علاقے میں پولیس کی پکی چوکیاں قائم کر لی گئی ہیں اور پولیس نفری مستقل طور پر تعینات ہے، پولیس پوری طاقت اور بھرپور وسائل کے ساتھ موجود ہے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا کہ ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے دور مار ہتھیاروں، بکتر بند اور بلٹ پروف گاڑیوں سمیت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے تک کچے میں پولیس کی انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ڈی پی او رحیم یار خان کے مطابق عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے پولیس کے اینٹی ہنی ٹریپ سیل بھی 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں، سرحدی چیک پوسٹوں پر ملک بھر کے 531 افراد کو کچے میں اغوا ہونے سے بچایا جا چکا ہے۔