کراچی: جماعت اسلامی نے مجوزہ آئینی ترمیم اگلے چیف جسٹس منصورعلی شاہ کی حلف برداری تک موخر کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد مرضی کا چیف جسٹس لگانا اور مرضی کا عدالتی نظام قائم کرنا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیم اگلے چیف جسٹس منصورعلی شاہ کی حلف برداری تک مؤخر کی جائے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی یہ بات درست ہے کہ ایس سی او اجلاس کے موقع پر کوئی احتجاج نہیں ہونا چاہیے مگر حکومت کو بھی ایس سی او اجلاس کی آڑ میں آئینی ترمیم کی کارروائی نہیں ڈالنی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان میں معزز مہمانوں کی آمد اور سرمایہ کاری کے امکانات پورے ملک کے لیے اہم ہے۔