معروف ماڈل و اداکارہ دانیہ انور نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق کی وجہ بتادی۔
اداکارہ دانیہ انور نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران انکشاف کیا کہ ان کےپہلے شوہر منشیات کے عادی تھے، جنہوں نے انہیں بہت عرصے تک جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ نے کہا ہے کہ مجھے اپنے کسی فیصلے پر پچھتاوا نہیں ہے لیکن پہلی طلاق کا فیصلہ میرے لیے مشکل تھا۔دانیہ انور نے اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ لوگ کہتے ہیں کہ طلاق لے لو یہ آسان ہے لیکن جب طلاق لی تو احساس ہوا کہ یہ میرے لیے مشکل عمل تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس لیے نشئی شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہیں، کیوں کہ ان کے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا، وہ معاشی طور پر خودمختار نہیں تھیں۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب طلاق کا فیصلہ کیا تو اپنے گھر والوں کو نہیں بتایا کہ میں طلاق لے رہی ہوں، مگر جب انہیں اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے مجھے سپورٹ کیا کہ اب میں نے ایک فیصلہ لے لیا ہے تو اس پر پوری طرح قائم رہوں۔
اداکارہ نے اپنے سابق شوہر اور رشتے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ طلاق سے صرف مجھے سکون نہیں ملا بلکہ میرے ارد گرد کے لوگ بھی سکون میں آ گئے، ابتداً کچھ چیزیں نظر آئیں لیکن سوچا کے وقت کے ساتھ بچے ہونے کے بعد سب ٹھیک ہو جائے گا لیکن چیزیں ٹھیک ہونے کی بجائے بگڑتی چلی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ طلاق کے بعد انہوں نے کافی عرصے تک تنہا زندگی گزاری اور والدین نے انہیں بہت سپورٹ کیا جب کہ ان کے کم عمر بچوں نے بھی انہیں دوسری شادی کرنے کا کہا۔ اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ دوسری شادی سے بہت خوش ہیں، انہیں کسی طرح کا کوئی پچھتاوا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس لیے نشئی شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہیں، کیوں کہ ان کے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا، وہ معاشی طور پر خود مختار نہیں تھیں۔
دانیہ انور نے اعتراف کیا کہ پہلے شوہر نے انہیں بدترین ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے نہ صرف ان کی بلکہ ان کے بچوں کی زندگی بھی مشکل بن چکی تھی۔
دانیہ انور نے کئی ڈراموں میں قابل ذکر کردار کیے ہیں، جن میں "فالتو لڑکی"، " کہاں تم چلے گئے"، "بدنصیب"، "بیچاری نادیہ"، "حبس"، "رسمِ دنیا"، "دھانی" اور" فتور" شامل ہیں۔ حال ہی میں ان کا ڈرامہ "جاں نثار" نجی ٹی وی چینل سے نشر ہورہا ہے۔