رواں مالی سال پاکستان کی بیشتر ممالک کیلئے برآمدات میں اضافہ

رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ پاکستان کی بیشتر ممالک کے لیے برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، سنگاپور کے لیے برآمدات میں سب سے زیادہ 585 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ امریکا کے لیے برآمدات کا حجم سب سے زیادہ 98 کروڑ ڈالر رہا۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سنگاپور کے لیے برآمدات میں 585 فیصد، قازقستان کے لیے 528 فیصد جبکہ فلپائن کے لیے برآمدات میں 148 فیصد کا اضافہ ہوا۔

جولائی اور اگست 2024 میں متحدہ عرب امارت کے لیے برآمدات 56 فیصد بڑھیں جبکہ اسی مدت میں سری لنکا کے لیے برآمدات میں 50 فیصد، افغانستان کے لیے 42 فیصد اور بنگلہ دیش کے لیے برآمدات میں 34 فیصد اضافہ ہوا۔

مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں اومان کے لیے برآمدات میں 35 فیصد جبکہ سعودی عرب کے لیے 24 فیصد اضافہ ہوا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جولائی، اگست 2024 میں امریکا کے لیے برآمدات میں 12.5 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ اسی دوران اٹلی کے لیے برآمدات میں 12.6 فیصد، جرمنی کے لیے 12.3 فیصد اور برطانیہ کے لیے برآمدات میں 5.4 فیصد اضافہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں کینیا، بیلجیئم، اسپین، آسٹریلیا، کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے لیے بھی برآمدات میں اضافہ ہوا۔

مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں امریکا کے لیے برآمدات کا حجم سب سے زیادہ 98 کروڑ ڈالر رہا جبکہ برطانیہ کے لیے برآمدات کا حجم 37 کروڑ ڈالر اور چین کے لیے 31 کروڑ ڈالرز رہا۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں متحدہ عرب امارات کے لیے برآمدات کا حجم 29 کروڑ 35 لاکھ ڈالر اور جرمنی کے لیے 28کروڑ ڈالر رہا۔