لاہور، رائےونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج شروع ہوگا

لاہور کے نواحی قصبے رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہوگا اور 3 نومبر کی صبح 8 بجے اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

رائے ونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور، پشاور، ملتان اور کوئٹہ کے علاوہ بیرون ملک سے لاکھوں مندوبین شرکت کریں گے۔

اجتماع کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی ادارے مامور ہوں گے۔

اس کے علاوہ تبلیغی جماعت کے رضا کار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے رائے ونڈ میں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کے لیے ٹریفک کےانتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق ایس پی صدر شہزاد خان کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 203 ٹریفک انسپکٹرز ،110 پٹرولنگ افسران اور 999 ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 7 اسٹینڈز مختص کئے گئے ہیں۔

دوسرے شہروں سے آنے والے شرکاء موٹروے اور لاہور رِنگ روڈ استعمال کریں گے، جی ٹی روڈ اور راولپنڈی، اسلام آباد کی طرف سے آنے والے شرکاء کو براستہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائے گا،جبکہ اوکاڑہ کی طرف سے آنے والے شرکاء براستہ مانگابائی پاس رائےونڈ اجتماع میں پہنچیں گے۔