پہلا ون ڈے: آسٹریلیا کیخلاف پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار، 4 وکٹوں پر 81 رنز بنالیے

پہلے ون ڈے میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، گرین شرٹس نے اب تک 24 اووروز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنالیے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج میلبرن کے کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے صائم ایوب 3 رنز کے مجموعی اسکور پر صرف ایک رن بنانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

24 کے اسکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان عبداللہ شفیق کی صورت میں اٹھانا پڑا، عبداللہ شفیق محض 18 رنز کے مہمان ٹھہرے اور وہ بھی 12 رنز بناکر مچل اسٹارک کا شکار بنے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 39 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 63 تک پہنچایا تو پاکستان کی تیسری وکٹ بھی گرگئی۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو 37 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر بولڈ کیا جبکہ 70 کے اسکور پر کامران غلام بھی محض 5 رنز بناکر پیٹ کمنز کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

اس وقت پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار ہے، قومی ٹیم نے 24 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنالیے، کپتان محمد رضوان 21 اور سلمان علی آغا 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں محمد رضوان پہلی مرتبہ گرین شرٹس کی قیادت کر رہے ہیں، گرین شرٹس نے کینگروز پر پوری طاقت سے حملہ آور ہونے کے لیے 4 فاسٹ بولروں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان ٹیم میں نوجوان اوپنر بلے باز صائم ایوب اور نوجوان آل راؤنڈر عرفان خان نیازی کا ون ڈے ڈبیو ہوا ہے جبکہ دونوں پلیئر کو پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم اور لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے ڈیبیو کیپ دیں۔

صائم ایوب پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں، انہوں نے مارچ 2023 میں افغانستان کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈبیو کیا تھا، صائم ایوب رواں سال آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈبیو کرچکے ہیں جبکہ عرفان خان نیازی نے رواں سال اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 ڈبیو کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم ایک سال بعد ون ڈے انٹر نیشنل کھیل رہی ہے، بھارت میں گزشتہ سال ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کا یہ پہلا ون ڈے میچ ہے۔

پاکستانی اسکواڈ

پاکستان پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

آسٹریلوی اسکواڈ

آسٹریلیا کے 11 کھلاڑیوں میں پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میکگورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، شان ایبٹ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا شامل ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اس وقت آسٹریلیا کے دورے پر موجود ہے جہاں وہ 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 10 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔