ڈیوڈ وارنر کو پابندی سے نجات کے بعد دوبارہ کپتانی مل گئی

کینبرا: آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو پابندی سے نجات کے بعد دوبارہ کپتانی مل گئی۔ 

ڈیوڈ وارنر بی بی ایل میں سڈنی تھنڈر کی پھر سے قیادت کریں گے اور سڈنی تھنڈر نے ڈیوڈ وارنر کو قیادت سونپنے کی تصدیق کی ہے۔ 

کپتانی ملنے کے بعد ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ سڈنی تھنڈر کی دوبارہ کپتانی کرنے کی میرے نزدیک بڑی اہمیت ہے، میرے نام کے آگے اب کپتان لکھا گیا ہے مجھے اس کی بہت خوشی ہے۔ 

واضح رہے کہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل2018 کے بعد ڈیوڈ وارنر پر کپتانی کرنے پر تاحیات پابندی کا سامنا تھا۔ 

ڈیوڈ وارنر نے پابندی کے ریویو کے لیے اپیل کی تھی جس کے بعد 2 ہفتے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر پر عائدپابندی ہٹالی تھی۔ 

ڈیوڈ وارنر کو کرس گرین کی جگہ سڈنی تھنڈر کی کپتانی سونپی گئی ہے۔