وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق مشترکہ طور پر ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو ریلوے اسٹیشن کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کا سر کچلنے کیلئے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کیے جائینگے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار بڑھایا جائیگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار بڑھایا جائیگا، وفاقی حکومت صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور معاونت فراہم کریگی۔ انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر بلوچستان کو اس ضمن میں وسائل فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے پولیس سی ٹی ڈی لیویز اور دیگر فورسز کی تربیت اور استداد کار میں اضافے کیلئے مربوط اقدامات کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف صوبائی حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت کے تعاون سے لیویز پولیس اور سی ٹی ڈی کے استعداد کار میں اضافہ کیا جائیگا اور اس کیلئے ان فورسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔