وزارتِ مذہبی امور نے حج 2025 کی درخواستوں کا شیڈول جاری کردیا، حج درخواستیں 18 نومبر سے وصول کی جائیں گی۔
وزارتِ مذہبی امور نے حج 2025 کے لیے درخواستوں کے حوالے سے اشتہار جاری کردیا ہے جس کے مطابق درخواستیں 18 نومبر سے 3 دسمبر تک وصول کی جائیں گی اور قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ حج درخواست دینے کے لیے پاسپورٹ 6 دسمبر 2025 تک کارآمد ہونا لازمی ہے جبکہ پہلی بار درخواست دینے والوں کو ریگولر اسکیم میں ترجیح دی جائے گی۔
حج اخراجات کا تخمینہ 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے تک ہے۔
سعودی پالیسی کے تحت حج کو جسمانی اور نفسیاتی صحت سے مشروط کیا گیا ہے، جس کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹ وزارت کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے، درخواست کے دوران ایک گروپ میں شامل افراد کو ایک ہی پیکج منتخب کرنا ہوگا اور قرعہ اندازی کے بعد پیکج تبدیل نہیں ہوگا۔
خواتین بغیر محرم کے سفرِ حج بھی کر سکیں گی جبکہ محرم رشتہ داروں کے لیے 4 سے 6 افراد کو ایک کمرے میں رکھا جائے گا، ریگولر اسکیم کے تحت درخواست اور واجبات آن لائن بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔