دوسرا ون ڈے: صائم کی شاندار سنچری، پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے اوپنر صائم ایوب کی شاندار سنچری کی بدولت زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز  کا آج دوسرا میچ بلاوائیو میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

 زمبابوے کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کرسکی اور میزبان ٹیم 32.3 اوورز میں 145 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے 4، سلمان علی آغا نے 3 اور صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایک بیٹر رن آؤٹ ہوا۔

جواب میں 146 رنز کا ہدف پاکستان نے بغیر وکٹ گنوائے 19ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا، صائم ایوب نےون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 113 رنز بنائے  جبکہ عبداللہ شفیق 32 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی کامیابی کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلےمیچ میں زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے 2 کھلاڑی ابرار احمد اور طیب طاہر پہلی مرتبہ پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رہے تھے۔