آئی سی سی نےچیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بورڈ میٹنگ طلب کرلی، اہم فیصلے متوقع

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل پر غور کے لیے 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ طلب کرلی۔ 

آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 

ان آپشنز میں چیمپئنز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل، پاکستان سے مکمل منتقلی، یا ٹورنامنٹ کا التوا شامل ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ کی ترجیح چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو اپنانا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس ماڈل کی مخالفت کرچکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ اراکین کی رائے اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے پر آئی سی سی کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کسی بھی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

ادھر بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی تاحال شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔

آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کے لیے دباؤ کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاک بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔