آئی سی سی پاکستان میں چیمپئنزٹرافی کی قسمت کا فیصلہ جمعہ کو کرے گا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگلے سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے رواں ہفتے آئی سی سی کا اجلاس ہوگا کیونکہ بھارت نے میزبان ملک پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کیا تھا کہ بھارتی ٹیم آٹھ ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے پاکستان نہیں جائے گی۔

دونوں ایمٹی پاور ہمسایہ ممالک 1947 میں برصغیر کی تقسیم کے بعد سے اب تک تین جنگیں لڑچکے ہیں اور اس دشمنی کی جھلک کرکٹ کے میدان میں بھی نظر آتی ہے۔

دبئی میں قائم آئی سی سی کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ جمعے کو ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس کی تصدیق کرسکتے ہیں جس میں یہ معاملہ ایجنڈے میں شامل ہوگا۔

پی سی بی پہلے ہی ایسی تجاویزمسترد کر چکا ہے جن میں بھارت کے کسی تیسرے اور غیر جانبدار ملک میں کھیلنے کا خیال ظاہر کیا گیا تھا، پی سی بی اس بات پر مصر ہے کہ چیمئنز ٹرافی 2025 اپنے شیڈول 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

بگڑتے ہوئے سیاسی تعلقات کے سبب روایتی حریف بھارت اور پاکستان نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی ہے ۔

2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم کی بس پر ہوئے حملے کے بعد مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیموں نے دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے پاکستان کو کئی سال تک ملک میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ 2020 میں مکمل طور پربحال ہوئی ۔

گزشتہ سال جب پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی تب بھی بھارتی ٹیم کے میچز پاکستان میں منعقد نہیں کرائے گئے تھے۔

تاہم پاکستانی کرکٹ کے اعلیٰ حکام نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے سیکیورٹی خدشات کو مسترد کرتے ہوئے آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سمیت ٹاپ ٹیموں کی حالیہ کامیاب میزبانی کی جانب توجہ دلائی ہے ۔

چیمپئنز ٹرافی 1996 کے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر کرنے کے بعد پاکستان میں شیڈول یہ پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔