پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلا جا رہا ہے، جس میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستان نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی جانب سے عثمان خان اور طیب طاہر 39، 39 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے ایک سوال پر کہا کہ وہ پہلے بیٹنگ کریں گے کیوں کہ وکٹ بالکل آخری ون ڈے جیسی لگ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم سیریز جیتنا چاہتے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے کیونکہ یہ صرف نوجوانوں کی سیریز ہے۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، انہوں نے کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ سے فرق نہیں پڑتا، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلے ٹی20 میچ کے لیے پلیئنگ الیون کے اعلان کے مطابق سلمان علی آغا کو قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ عثمان خان نئے وائٹ بال کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی غیر موجودگی میں وکٹ کیپنگ کریں گے جنہیں زمبابوے قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے۔