ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی سست روی برقرار، صارفین پریشان

ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی سست روی سے صارفین پریشان ہیں۔

انٹرنیٹ کی سست روی سے طلباء اور فری لانسرز کی بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے، واٹس ایپ پر بھی صارفین کو ڈاؤن لوڈنگ میں شدید مشکلات درپیش ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی اے انٹرنیٹ کی سست روی کی وجوہات بتانے سے قاصر ہیں۔

اسلام آباد راولپنڈی میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ قدرے بہتر ہے، سکھر میں بھی انٹرنیٹ سروس شہریوں کے لیے درد سر بن گئی ہے، تمام کمپنیز کے نیٹ ورکس کے ساتھ ساتھ پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے۔ کئی روز سے جاری انٹرنیٹ کی سست روی سے صارفین ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی انٹرنیٹ سپیڈ انتہائی سست ہے، جس کی وجہ سے سوشل میڈیا ایپس بھی شدید متاثر ہیں، آن لائن کام کرنے والے افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ تین روز سے واٹس ایپ پر اپ لوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ متاثر ہونے کی وجہ سے صارفین پریشان ہیں۔

ملتان میں بھی صارفین واٹس ایپ، فیس بک پر تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈنگ کے دوران مشکلات سے دوچار ہیں، ملتان میں گزشتہ ایک ہفتے سے انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے۔

گوجرنوالہ میں بھی انٹرنیٹ کی سپیڈ گزشتہ 7 روز سے انتہائی سست روی کا شکار ہے، یہاں بھی انٹرنیٹ سپیڈ کی سست روی کی وجہ سے آن لائن کام کرنے والے لوگوں کا کام متاثر ہو رہا ہے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ ایک ماہ سے مختلف کمپنی کے نیٹ ورک سست روی کا شکار ہیں، شہر میں مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس اور نیٹ سروس نہ ہونے کے برابر ہے، اندرون بلوچستان کئی علاقوں میں نیٹ ورک کی مکمل بندش کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ صارفین کے ہزاروں روپے کے پیکجز ضائع ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتے کی شب سے ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول واٹس ایپ، فیس بُک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک عارضی طور پر معطل یا سست روی کا شکار ہیں، ملک کے مختلف علاقوں میں سوشل میڈیا سروسز تاحال متاثر ہیں جس کی وجہ سے صارفین شدید پریشان ہیں۔