صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی شرکت یقینی بنانے کیلیے پرعزم ہے.
انہوں نے کہا کہ ہم نے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح کیلیے اہم اقدامات کیے ہیں ، آئی سی ٹی خصوصی افراد کے حقوق کے ایکٹ 2020 ء کا نفاذ ایک تاریخی کامیابی ہے۔
اس ایکٹ میں زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی بہتر رسائی، پیشہ ورانہ تربیت، ملازمت کے مواقع اور ایک جامع ماحول کی ضمانت دی گئی ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہم خصوصی افراد اور ان کے خاندانوں کی استقامت ، ہمت اور قابل ِ قدر کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کیلئے کونسل کا قیام معذورافراد کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہم قدم ہے۔
دوسر ی جانب چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں ایک بہتر پاکستان کی تعمیر میں معذور افراد کے کلیدی کردار اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ، بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ پسماندہ طبقات، بشمول معذور افراد کے حقوق کے تحفظ میں پیش پیش رہی ہے۔