بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی

قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی ہوگئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی جانب سے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس میں سابق کپتان بابر اعظم، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کی تنزلی ہوگئی ہے۔

ٹیسٹ بیٹر رینکنگ میں سعود شکیل ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں اور بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 19 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

باؤلرز کی رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی کی بھی ایک درجہ تنزلی ہوئی جس کے بعد وہ 15 ویں سے 16 ویں نمبر پر چلے گئے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ہیرو اسپنر نعمان علی دو درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین رینکنگ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی پوزیشن 11 ویں ہو گئی ہے۔

بیٹرز رینکنگ

بیٹرز کی رینکنگ میں ٹاپ 2 پوزیشنز پر انگلش کھلاڑیوں کا قبضہ ہے اور جو روٹ اور ہیری بروک بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمن سن تیسری پوزیشن پر ہیں، بھارتی کھلاڑی یشوی جیسپال چوتھے، کیویز کھلاڑی ڈیرل مچل پانچویں،بھارتی کھلاڑی رشبھ پنت چھٹے، سری لنکن کھلاڑی کمندو مینڈس ساتویں، آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیون اسمتھ آٹھویں، پاکستانی کھلاڑی سعود شکیل نویں اور جنوبی افریقی کھلاڑی ٹمبا باووما دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلرز رینکنگ

باؤلرز کی رینکنگ میں جسپریت بمرا ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ کگیسو ربادا دوسری، جوش ہیزل ووٹ تیسری، روی چندر ایشون چوتھی اور پیٹ کمنز پانچویں پوزیشن پر ہیں۔